مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے اور عدالت سے سزا یافتہ مجرم کی حمایت میں ریلی نکالنےاور ہنگامہ آرائی کے الزام میں شہباز شریف سمیت مسلم لیگ نون کے کئی رہنماؤں پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گيا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پنجاب کےمختلف علاقوں میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت اور کارکنوں پر مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ لاہور میں نواز شریف کے استقبال کے لیے ریلی نکالنے پر لوہاری گیٹ پولیس اسٹیشن میں ایس ایچ او کی مدعیت میں شہباز شریف، حمزہ شہباز، جاوید ہاشمی، عظمٰی بخاری، سائرہ افضل تارڑ، مریم اورنگزیب، کامران مائیکل، کرنل (ر)مبشر، راجہ ظفرالحق اور مشاہد حسین سید سمیت درجنوں (ن) لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
تھانہ نواب ٹاؤن میں اقدام قتل، دہشت گردی، توڑ پھوڑ اور دیگر سنگین دفعات کے تحت درج کئے گئے مقدمے میں سیف الملوک کھوکھر، ملک شفیع کھوکھر، ملک افضل کھوکھر، ملک عرفان کھوکھراور شہباز ڈوگر کے علاوہ 500 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ شمالی کینٹ تھانے میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، شہباز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری طلحہ برکی اور سابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ